صدر مملکت کا سانحہ اے پی ایس کی دسویں برسی پر پیغام – پاک لائیو ٹی وی


صدر مملکت آصف علی زرداری نے سانحہ آرمی پبلک سکول (اے پی ایس) پشاور کی دسویں برسی کے موقع پر شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سانحے نے ہماری قوم کو دہشت گردی کے خلاف متحد کیا اور ہماری قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔

صدر مملکت نے اپنے بیان میں کہا کہ “16 دسمبر 2014 کا دن ہماری تاریخ کا ایک المناک باب ہے، جب دہشت گردوں نے ہمارے بچوں اور قوم کے مستقبل پر حملہ کیا۔ معصوم بچوں اور اساتذہ کو نشانہ بنانا ایک گھناؤنا اور انسانیت سوز جرم تھا، جس نے دہشت گردوں کی عوام دشمنی کو بے نقاب کیا۔”

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا ایجنڈا ملک میں انتشار اور فساد پھیلانا ہے، مگر پاکستانی قوم نے ہمیشہ ان کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔ “سانحہ اے پی ایس نے ہمیں بطور قوم دہشت گردی کے خلاف یکجا کیا، اور ہم ان قربانیوں کو کبھی رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔”

صدر مملکت نے دہشت گردی کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ “پاکستان دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہے، اور اس جنگ میں سیاسی قیادت سمیت پوری قوم نے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔”

انہوں نے عالمی برادری پر بھی زور دیا کہ وہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مشترکہ اور موثر اقدامات کرے تاکہ اس لعنت کو ختم کیا جا سکے۔

صدر مملکت نے شہدا کے اہل خانہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، اور قوم ان کے عزم اور حوصلے کو سلام پیش کرتی ہے۔

Exit mobile version