متعلقہ

پولیو کے خلاف جاری جدوجہد میں ہمارے فرنٹ لائن ورکرز حقیقی ہیرو ہیں، عائشہ رضا فاروق – پاک لائیو ٹی وی



پولیو کے خلاف جاری جدوجہد میں ہمارے فرنٹ لائن ورکرز حقیقی ہیرو ہیں، عائشہ رضا فاروق

وزیرِاعظم کی فوکل پرسن برائے انسدادِ پولیو عائشہ رضا فاروق نے کہا کہ پولیو کے خلاف جاری جدوجہد میں ہمارے فرنٹ لائن ورکرز حقیقی ہیرو ہیں مشکل حالات میں خدمات انجام دینے والے بہادر فرنٹ لائن ورکرز کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہوں۔

نیشنل ای او سی کے مطابق 16  سے 22 دسمبر تک ملک کے 143 مخصوص اضلاع میں انسداد پولیو مہم جاری رہے گی، مہم کے دوران 4 کروڑ 40 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔

وزیرِاعظم کی فوکل پرسن برائے انسدادِ پولیو عائشہ رضا فاروق نے انسدادِ پولیو مہم کے حوالے سے اہم پیغام دیتے ہوئے کہا کہ16 دسمبر سے سال 2024 کی آخری انسدادِ پولیو مہم کا آغاز کیا جارہا ہے، ہمارا عزم ہے کہ 5 سال تک کی عمر کے تمام بچوں تک ویکسین کی رسائی ممکن بنائی جائے۔

 عائشہ رضا فاروق نے کہا کہ میں ایک ماں کی حیثیت سے آپ سے اپیل کرتی ہوں کہ پولیو ورکرز کے لئے اپنے دروازے کھولیں، اپنے پانچ سال تک کی عمر کے تمام بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرےلازمی پلوائیں۔

عائشہ رضا فاروق نے اپنے پیغام میں یہ بھی کہا کہ پولیو ویکسین مکمل طور پر محفوظ، مؤثر اور بالکل مفت فراہم کی جاتی ہے، پولیو سمیت دیگر مہلک بیماریوں سے تحفظ کے لیے حفاظتی ٹیکہ جات کا مکمل کورس کروانا بے حد ضروری ہے۔