شام میں تبدیلی خطے میں ایران کے خطرناک منصوبے کے خلاف بڑی کامیابی ہے، الجولانی – پاک لائیو ٹی وی



شام میں تبدیلی خطے میں ایران کے خطرناک منصوبے کے خلاف بڑی کامیابی ہے، الجولانی

شام میں اپوزیشن فورسز ہیئت تحریر شام اور اتحادی گروپوں کے سربراہ احمد الشرع المعروف ابو محمد الجولانی نے کہا ہے کہ شام ہونے والی تبدیلی خطے میں ایران کے خطرناک منصوبے کے خلاف بڑی کامیابی ہے۔

اپنے بیان میں احمد الشرع کا کہنا تھاکہ ایران کے منصوبے خطے کے عوام کیلئے تکلیف دہ ثابت ہوئے، ایرانی عوام سے ہمیں کوئی مسئلہ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ سابق صدر بشار الاسد نے منشیات کی پیداوار میں عالمی ریکارڈ قائم کیا، روس بشارالاسد کی گرتی ہوئی ساکھ سے بیزار ہونےلگا تھا۔ احمدالشرع نے بتایاکہ خط وکتابت کے ذریعے روس کے ساتھ معاملات طے کرنے کی کوشش کی ہے اور روس کو نئےسرے سے تعلقات قائم کرنےکا موقع فراہم کیا ہے۔

ان کا مزید کہناتھاکہ موجودہ تبدیلی اچانک نہیں ہوئی بلکہ کئی سالوں کی منصوبہ بندی کا نتیجہ ہے، شام کےعلاقوں اور شہروں پر اپوزیشن فورسز کے قبضوں کےدوران کوئی نقل مکانی دیکھنے میں نہیں آئی۔

اسرائیل کے حوالے سے احمد الشرع کا کہنا تھاکہ اسرائیل ایران کے بہانے شام میں مداخلت کرتا آیا ہے، اب شام میں غیرملکی مداخلت کا کوئی وجود نہیں رہا، اسرائیل کیلئے غیرملکی مداخلت کا کوئی جواز باقی نہیں رہا اور اسرائیل کے ساتھ کسی قسم کی کشیدگی نہیں چاہتے۔

Exit mobile version