چیمپئنز ٹرافی 2017 فائنل کے ہیرو محمد عامر نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔
محمد عامر نے چیمپئنز ٹرافی 2017 کے فائنل میں بھارتی ٹاپ آرڈر کو تہس نہس کرکے پاکستان کی جیت کی راہ ہموار کردی تھی۔
انہوں نے روہت شرما، ویرات کوہلی اور شیکھر دھون کی وکٹیں حاصل کی تھیں۔
عامر نے اپنے ہم وطن عماد وسیم کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ فیصلے کبھی بھی آسان نہیں ہوتے لیکن ناگزیر ہوتے ہیں۔ مجھے لگتا ہے کہ یہ اگلی نسل کے لیے ذمہ داریاں اٹھانے اور پاکستان کرکٹ کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کا صحیح وقت ہے۔
محمد عامر نے مزید کہا کہ اپنے ملک کی نمائندگی کرنا میری زندگی کا سب سے بڑا اعزاز رہا ہے اور ہمیشہ رہے گا۔ میں پی سی بی، اپنے خاندان اور دوستوں اور سب سے بڑھ کر اپنے مداحوں کا ان کی مسلسل محبت اور حمایت کے لیے تہہ دل سے شکریہ ادا کرنا چاہوں گا۔
خیال رہے کہ محمد عامر نے اس سے قبل 2020 میں 28 سال کی عمر میں اس وقت کی ٹیم مینجمنٹ کے ساتھ اختلافات کا حوالہ دیتے ہوئے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔
تاہم انہوں نے عماد وسیم کے ساتھ رواں سال کے شروع میں بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لیا اور آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 میں قومی ٹیم کی نمائندگی کی تھی۔
واضح رہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران یہ دوسرے پاکستانی کھلاڑی کی جانب سے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا اعلان کیا گیا ہے۔
گزشتہ روز عماد وسیم نے بھی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔