پی آئی اے کی دبئی سے کراچی آنے والی پرواز میں ایک مسافر کو دوران پرواز دل کا دورہ پڑ گیا، جس کے بعد طیارہ ملتان ایئرپورٹ پر ہنگامی طور پر اتار لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق، پرواز کے دوران مسافر کی حالت بگڑ گئی، جس کے بعد پی آئی اے کے سینئر فضائی میزبان امتیاز بیگم اور دیگر عملے نے فوری طور پر مسافر کو طبی امداد فراہم کی۔
طیارہ ملتان ایئرپورٹ پہنچتے ہی وہاں موجود میڈیکل ٹیم نے طیارے میں داخل ہو کر مسافر کی حالت کا جائزہ لیا اور انہیں فوری طور پر ملتان کے مقامی اسپتال منتقل کر دیا۔
فضائی میزبانوں کی بروقت طبی امداد کی بدولت مسافر کی جان بچ گئی۔ طبیعت بہتر ہونے کے بعد متاثرہ مسافر کو اسپتال سے فارغ کر دیا گیا، جبکہ پرواز ملتان سے کراچی کے لیے روانہ ہو گئی۔