چیف سیکریٹری سندھ کی زیر صدارت کچے کے علاقے میں امن و امان کا جائزہ اجلاس – پاک لائیو ٹی وی


چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ کی زیر صدارت کچے کے علاقے میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے کراچی میں اجلاس ہوا۔

اجلاس میں آئی جی سندھ غلام نبی میمن، کمشنر اور ڈی آئی جی سکھر، ڈی آئی جی لاڑکانہ اور کمشنر لاڑکانہ نے شرکت کی۔

اجلاس میں آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے پولیس آپریشنز کی تفصیلات پیش کیں۔ انہوں نے بتایا کہ 1 جنوری سے اب تک کچے کے علاقے میں جاری آپریشنز کے دوران 76 ڈاکو مارے گئے ہیں جبکہ 115 ڈاکو زخمی ہوئے ہیں۔

آپریشن کے دوران 363 ڈاکو گرفتار کیے گئے ہیں اور کئی علاقوں کو ڈاکوؤں سے صاف کرایا گیا ہے۔

چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ پولیس کو ڈاکوؤں کے خلاف آپریشنز کے لیے جدید آلات فراہم کیے جائیں گے۔

انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت دی کہ وہ کچے کے علاقے میں مستقل امن کو یقینی بنائیں۔

اجلاس میں پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان قریبی تعاون پر بھی زور دیا گیا، تاکہ کچے کے علاقے میں امن و امان کی صورتحال کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔

Exit mobile version