متعلقہ

کراچی پولیس کی جانب سے الیکٹرانک کمپلین سیل پر کارروائیوں کے اعداد و شمار جاری – پاک لائیو ٹی وی


ڈی آئی جی ایسٹ زون نے گزشتہ ماہ کے دوران الیکٹرانک کمپلین سیل پر موصول ہونے والی درخواستوں اور ان پر کی جانے والی کارروائیوں کے اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں۔

اعدادوشمار کے مطابق پچھلے ایک ماہ میں الیکٹرانک کمپلین سیل پر تقریباً 100 شکایات موصول ہوئیں، جن میں آئی ایف آر کے اندراج میں مشکلات، پولیس اہلکاروں کی جانب سے عدم تعاون، خواتین کو ہراساں کیے جانے کے واقعات، ڈومیسٹک وائلینس، جائیداد کے تنازعات اور قبضہ مافیا کے خلاف مقدمات درج کرانے کی درخواستیں شامل ہیں۔

الیکٹرانک کمپلین سیل سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے بھی بھرپور استفادہ حاصل کیا، جن میں چین اور قطر سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہیں۔

 علاوہ ازیں، ایسٹ زون میں مختلف افراد کو گھر بیٹھے کیریکٹر سرٹیفکیٹس فراہم کیے گئے۔

ڈی آئی جی ایسٹ زون نے بتایا کہ ECC پر موصول ہونے والی درخواستوں پر چند منٹوں میں کارروائی کی جاتی ہے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے مواد کو بھی مانیٹر کیا جاتا ہے اور اس پر فوری کاروائیاں کی جاتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بین الصوبائی شکایات بھی موصول ہوئیں، جنہیں متعلقہ صوبے کی پولیس کو رپورٹ کر دیا گیا۔

ڈی آئی جی ایسٹ زون نے مزید کہا کہ تقریباً 90 فیصد درخواستوں پر فیصلے کر لیے گئے ہیں، اور ان کے حل کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جا چکے ہیں۔ بقیہ 10 فیصد کیسز وہ ہیں جن کا فیصلہ متعلقہ عدالتوں نے کرنا ہے۔

کراچی پولیس کا کمپلین سیل بھی ایسٹ زون کے الیکٹرانک کمپلین سیل سے بھرپور استفادہ کر رہا ہے، جس سے شکایات کے حل میں مزید تیزی آئی ہے۔