متعلقہ

نومبر میں سیمنٹ کی ترسیلات میں معمولی اضافہ، پی سی ایم اے – پاک لائیو ٹی وی


پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (PCMA) نے نومبر 2024 کے دوران نے مقامی سیمنٹ کی ترسیلات میں معمولی اضافے کی رپورٹ جاری کی ہے۔

رپورٹ کے مطابق مجموعی سیمنٹ کی فروخت میں 5.58 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ نومبر 2024 میں سیمنٹ کی مجموعی فروخت 4.146 ملین ٹن تک پہنچ گئی، جو کہ گزشتہ مالی سال کے اسی ماہ کی فروخت 3.927 ملین ٹن سے زیادہ ہے۔

مقامی سطح پر سیمنٹ کی فروخت میں 2.39 فیصد کا اضافہ ہوا، جو نومبر 2023 میں 3.264 ملین ٹن سے بڑھ کر 3.342 ملین ٹن ہو گئی۔

برآمدات میں 21.27 فیصد کا نمایاں اضافہ دیکھنے کو ملا، جو 662,374 ٹن سے بڑھ کر 803,258 ٹن تک پہنچ گئیں۔

نومبر 2024 میں شمالی علاقے کی سیمنٹ فیکٹریوں نے 2.925 ملین ٹن سیمنٹ کی فروخت کی، جو کہ نومبر 2023 میں 2.867 ملین ٹن تھیں، جس میں 2.01 فیصد کا اضافہ ہوا۔

جنوبی علاقوں کی سیمنٹ فیکٹریوں نے 1.220 ملین ٹن سیمنٹ کی فروخت کی، جو کہ نومبر 2023 میں 1.060 ملین ٹن سے 15.21 فیصد زائد تھی۔

پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن نے اس موقع پر مقامی سیمنٹ کی طلب کو بڑھانے کے لیے ٹیکسز اور ڈیوٹیز میں کمی کا مطالبہ کیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ڈیوٹی اور ٹیکسز میں کمی سے سیمنٹ کی قیمتوں میں کمی آئے گی، جو کہ مقامی طلب میں اضافے کا سبب بنے گی۔

ایسوسی ایشن کے ترجمان نے مزید کہا کہ اس طرح سے سیمنٹ سیکٹر کی غیر استعمال شدہ پیداواری صلاحیت کا بھرپور فائدہ اٹھایا جا سکے گا۔

موجودہ مالی سال کے پہلے پانچ ماہ کے دوران سیمنٹ کی مجموعی فروخت (مقامی اور برآمدات) 18.779 ملین ٹن رہی، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں کی جانے والی 19.818 ملین ٹن فروخت سے 5.24 فیصد کم تھی۔

پانچ ماہ میں مقامی سیمنٹ کی فروخت میں 11.61 فیصد کمی آئی، جو کہ 14.752 ملین ٹن رہی، جبکہ برآمدات میں 28.73 فیصد کا اضافہ ہوا، جو 3.128 ملین ٹن سے بڑھ کر 4.027 ملین ٹن تک پہنچ گئیں۔

پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ سیمنٹ سیکٹر کے لیے پالیسی اصلاحات متعارف کرائے تاکہ مقامی طلب کو مزید فروغ دیا جا سکے اور صنعت کی پیداواری صلاحیت کو بہتر بنایا جا سکے۔