وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار اور صوبائی وزیر لوکل گورنمنٹ سعید غنی کی مشترکہ سربراہی میں صوبائی کابینہ کمیٹی برائے فنانس کا اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں 7 نکاتی ایجنڈا پر غور کیا گیا جس میں توانائی، محکمہ آبپاشی اور دیگر ضروری امور شامل تھے۔ اجلاس میں محکمہ جاتی اہداف طے کیے گئے اور بجٹ کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں سیپکو کے تحت کیڈٹ کالج سکھر کے لیے الیکٹریفیکشن ورک کی منظوری دی گئی، جب کہ سکھر کے گرڈ اسٹیشن پر مظاہرہ کرنے والے افراد کے لیے سولر ہوم سسٹم کے لیے فنڈز کی منظوری بھی دی گئی۔
اس کے علاوہ، سولر سسٹمز کے لیے بلاکس مختص کرنے، نارا کینال کے ابتدائی دو کلومیٹر کے لیے کنکریٹ کی لائن کی تعمیر، شہداد ائر بیس اور جیکب آباد سٹی کی پروٹیکشن کے لیے اقدامات کی منظوری بھی دی گئی۔
مزید برآں، 35 ویں نیشنل گیمز کے لیے اضافی فنڈز بھی منظور کیے گئے۔
علاوہ ازیں، کیڈٹ کالج سانگھڑ کے لیے 440 کلو واٹ انرجی سسٹم اور شہباز ایئر بیس اور جیکب آباد سٹی کی پروٹیکشن جیسے ایجنڈے پر بحث کی گئی، تاہم ان پر آئندہ اجلاس تک فیصلہ مؤخر کر دیا گیا۔