کراچی: کے الیکٹرک نے عدم ادائیگی پر کینٹ اسٹیشن، سٹی اسٹیشن، ریلوے کالونی اور ریلوے اسٹور سمیت متعدد دفاتر کی بجلی کاٹ دی۔
کے الیکٹرک کی جانب سے بجلی منقطع کرنے پر ڈی ایس ریلوے ناصر خلیلی کا شدید رد عمل سامنے آگیا ہے جس میں انہوں نے کے الیکٹرک کو ہی نادہندہ قرار دے دیا ہے۔
ڈی ایس ریلوے نے کہا کہ کے الیکٹرک ریلوے کی 70 ارب کی نادہندہ ہے، کسی صورت کے الیکٹرک کی بدمعاشی اور غنڈہ گردی میں نہیں آئیں گے۔
ناصر خلیلی نے اعلان کیا کہ کے الیکٹرک کو کوئی ادائیگی نہیں کی جائے گی، کے الیکٹرک کے اس عمل سے مسافروں کو نقصان پہنچے گا۔
دوسری جانب ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ پاکستان ریلوے کو بقایا جات کی عدم ادائیگی کی وجہ سے بجلی کی فراہمی جاری رکھنا ممکن نہیں۔
ترجمان کے الیکٹرک کہتے ہیں کہ پاکستان ریلوے کے 31 کنیکشنز پر واجب الادا بل کی رقم 43 کروڑ روپے ہے، پاکستان ریلوے بجلی کی بحالی کے لئے فوری طور پر واجبات ادا کرے۔
ترجمان کے الیکٹرک کا مزید کہنا تھا کہ بغیر ادائیگی بجلی کی فراہمی ممکن نہیں، پاکستان ریلوے کی بجلی منقطع کرنے سے قبل بلوں کی ادائیگی کی یا دہانی کے متعدد نوٹسز جاری کئے گئے۔