کولالمپور: شدید بارشوں کے نتیجے میں ملائیشیا کی کئی ریاستیں شدید متاثر ہوئی ہیں جب کہ ریاست کیلنتن میں 18 ہزار سے زائد خاندان متاثر ہوئے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ملائیشیا میں ہونے والی شدید بارشوں کے نتیجے میں کئی ریاستیں شدید متاثر ہوئی ہیں جن میں ریاست کیلنتن سب سے زیادہ متاثر ہوئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ریاست کیلنتن میں 18,500 خاندان جب کہ تقریبا 60 سے 70 ہزار افراد متاثرین میں شامل ہیں جنہیں ملائیشین حکومت کی جانب سے نگہداشت مراکز میں رکھا گیا ہے۔
علاوہ ازیں ریاست ترنگانو میں 35 ہزار خاندان اور 12 ہزار کے لگ بھگ لوگ متاثر ہوئے، اسی طرح ریاست کیڈہ میں تقریباً 20 ہزار افراد اور 700 خاندان متاثر ہوئے ہیں۔
ملائیشیا کے کاروباری مرکز کولالمپور سے ملحقہ ریاست نگری سمبیلن میں 150 افراد اور 40 خاندان سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔
ملائیشین وزیراعظم انور ابراہیم کے مطابق حکومت اپنے لوگوں کی پریشانیوں کو کم کرنے کے لیے ہرممکن اقدامات کررہی ہے، انہوں نے عوام سے پرسکون رہنے اور احتیاط برتنے کی درخواست کی ہے۔