لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اظہر علی کو پی سی بی کے یوتھ ڈویلپمنٹ پروگرام کا سربراہ مقرر کردیا گیا۔
پاکستان کے سابق کپتان اظہر علی کو پی سی بی میں سلیکشن کمیٹی کے رکن ہونے کے ساتھ ساتھ یوتھ ڈویلپمنٹ پروگرام کے سربراہ کی اضافی ذمہ داری بھی سونپ دی گئی ہے۔
پاکستان کرکٹ کی مشہور شخصیت اظہر علی نے 2002 میں انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ سے اپنے سفر کا آغاز کیا اور 2010 سے 2022 کے دوران قومی ٹیم کی نمائندگی کی۔
انہوں نے اپنے کیریئر میں 97 ٹیسٹ اور 53 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے جب کہ 9 ٹیسٹ اور 31 ون ڈے میچز میں وہ قومی ٹیم کی قیادت بھی کرچکے ہیں۔
علاوہ ازیں اظہر علی 2017 میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جیتنے والی ٹیم کا بھی حصہ تھے جب کہ یوتھ ڈویلپمنٹ پروگرام کے سربراہ کے طور پر وہ نوجوان کھلاڑیوں کو نکھارنے میں مدد کریں گے۔
اس موقع پر اظہر علی کا کہنا ہے کہ میں فخر محسوس کرتا ہوں اور اس اہم ذمہ داری کو نبھانے کے لیے میں بے حد پرجوش ہوں، میں سمجھتا ہوں کہ مستقبل کے ستاروں کی تشکیل میں نچلی سطح پر کام کرنا بہت ضروری ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ میں اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر نوجوانوں کے ڈویلپمنٹ پروگرام کو آگے بڑھانے کا منتظر ہوں، ہمارا مقصد نوجوان ٹیلنٹ کی شناخت کرکے اسے آگے لے جانا ہے۔