متعلقہ

لاہور کے سروسز انٹرنیشنل ہوٹل کی نجکاری کامیابی کے ساتھ مکمل – پاک لائیو ٹی وی


لاہور کے سروسز انٹرنیشنل ہوٹل کی نجکاری کا عمل آج کامیابی کے ساتھ مکمل ہوگیا۔

وفاقی وزیر نجکاری، عبدالعلیم خان کی موجودگی میں، پنجاب کوآپریٹو بورڈ فار لیکویڈیشن اور سِوک کمپنی (پرائیویٹ) لمیٹڈ (سی سی سی ایل)، لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے)، نجکاری کمیشن اور خریدار کے درمیان معاہدے پر دستخط کیے گئے۔

یہ دستخط اسلام آباد میں منعقد ہونے والی ایک تقریب میں کیے گئے جس کی نگرانی وفاقی وزیر نجکاری، عبدالعلیم خان نے کی۔ وفاقی وزیر نے اس موقع پر تمام شراکت داروں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے معاہدے کو مکمل کرنے میں تعاون فراہم کیا اور زیر التوا مسائل کو خوش اسلوبی سے حل کیا۔

یاد رہے کہ نجکاری کمیشن نے اگست 2021 میں ایک عوامی نیلامی کے دوران فیصل ٹاؤن (پرائیویٹ) لمیٹڈ کو کامیاب بولی دہندہ قرار دیا تھا، اور اس معاہدے کی منظوری وفاقی کابینہ نے 27 اکتوبر 2021 کو دی تھی۔

عبدالعلیم خان نے اس موقع پر نجکاری پروگرام کے نفاذ اور نجی شعبے کی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے تمام حکومتی اداروں کے مربوط تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔