کراچی میں تین روزہ سندھ کرافٹ فیسٹیول کا شاندار آغاز ہو گیا ہے، جس کا افتتاح صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت سید ذوالفقار علی شاہ نے کیا۔
اس افتتاحی تقریب میں یو اے ای کے قونصل جنرل بخیت عتیق الرومی، ترکی کے قونصل جنرل جمال سانگو، صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ، پورٹ گرینڈ کے اونر شاہد فیروز، اور ایم پی اے آصف خان بھی شریک ہوئے۔
فیسٹیول میں سندھ بھر سے ہنرمندوں اور کاریگروں کی تیار کردہ اشیاء کے اسٹالز سجائے گئے ہیں، جن میں اجرک، رلی، شال، ہاتھ سے بنے کپڑے، سندھی ٹوپی اور چنری ثقافت کی عکاسی کرتے ہیں۔
یہ فیسٹیول سندھ کی قدیم ثقافت اور دستکاریوں کو اجاگر کرنے کا ایک اہم موقع فراہم کر رہا ہے۔
اس فیسٹیول میں معروف قوال ابو محمد فرید ایاز اور گلوکارہ صنم ماروی سمیت دیگر معروف فنکاروں کی پرفارمنس بھی متوقع ہے۔ اس کے علاوہ رجب فقیر، متاز مولائی، اصغر کھوسو، علی گل ملاح اور سہراب سومرو جیسے فنکار بھی اس فیسٹیول میں اپنی پرفارمنس پیش کریں گے۔