متعلقہ

جعلی رسیدیں جاری کرنے والے ریسٹورنٹس پر لاکھوں روپے جرمانہ عائد – پاک لائیو ٹی وی


فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے اسلام آباد میں جعلی رسیدیں جاری کرنے والے پانچ ریسٹورنٹس کو سیل کر دیا اور ان پر پندرہ لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا۔

یہ کارروائی شہریوں اور صارفین کی شکایات پر کی گئی جنہوں نے جعلی رسیدیں جاری کرنے کی اطلاع دی تھی۔

ایف بی آر نے ٹیکس نیٹ میں ٹیئر 1 ریٹیلرز اور ریسٹورنٹس کو شامل کرنے کے لیے پوائنٹ آف سیل (POS) انوائسنگ سسٹم کو تیز تر کر دیا ہے تاکہ جعلی رسیدوں کی روک تھام کی جا سکے۔

پوائنٹ آف سیل سسٹم کے ذریعے جعلی رسیدوں کی تصدیق کے بعد پانچ ریسٹورنٹس کو سیل کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں 15 لاکھ روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔

ایف بی آر نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ شہریوں اور صارفین کو جعلی رسیدوں کے بارے میں ایف بی آر کو آگاہ کرنے پر نقد انعامات دیے جائیں گے۔ یہ انعامات ٹیکس آسان ایپ کے ذریعے وصول کیے جائیں گے اور انعام کی رقم براہ راست صارفین کے بینک اکاونٹس میں منتقل کی جائے گی۔

ایف بی آر کا کہنا ہے کہ یہ اقدام جعلی رسیدوں کے رجحان کو روکنے کے لیے اٹھایا گیا ہے تاکہ ٹیکس کی مکمل ادائیگی یقینی بنائی جا سکے اور قومی خزانے میں واجب الادا رقم جمع ہو سکے۔

ایف بی آر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ ٹیکس قوانین کے مؤثر نفاذ کے ذریعے ٹیکس کمپلائنس کو یقینی بنائے گا۔

اس کارروائی کے تحت، جن ٹیئر 1 ریٹیلرز یا ریسٹورنٹس کے خلاف جعلی رسیدوں کی شکایات آئیں گی، ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور انہیں سیل کر دیا جائے گا۔