مظفرآباد: پاک فوج کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی کشمیر والی بال سپر لیگ (کے وی ایس ایل) سیزن 2 کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی۔
کشمیر والی بال سپر لیگ سیزن 2 کا فائنل میچ مظفرآباد میں باغ اور سدھنوتی کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جس میں سدھنوتی بہادرز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد باغ پنجالز کو شکست دے کر ٹورنامنٹ اپنے نام کیا۔
فائنل میچ کے مہمان خصوصی چیف سیکرٹری آزاد کشمیر داؤد محمد بڑیچ تھے، جنہوں نے جیتنے والی ٹیم کو ٹرافی دی اور کھلاڑیوں میں کیش انعامات تقسیم کیے۔
اس ایونٹ کا فائنل دیکھنے کے لیے بڑی تعداد میں شائقین پہنچے، جنہوں نے کھیل کے ہر لمحے کا بھرپور لطف اٹھایا، کشمیر والی بال سپر لیگ میں مجموعی طور پر 10 ٹیموں نے حصہ لیا اور 21 دلچسپ میچز کھیلے گئے۔
اس ایونٹ نے شائقین سے بھرپور پذیرائی حاصل کی اور مقامی کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع فراہم کیا ہے۔
چیف سیکرٹری آزاد کشمیر داؤد محمد بڑیچ نے اس موقع پر کہا کہ کشمیر والی بال سپر لیگ نے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے کا ایک اہم پلیٹ فارم فراہم کیا ہے اور اس ایونٹ کے ذریعے مقامی کھلاڑیوں کا ٹیلنٹ بین الاقوامی سطح پر سامنے آئے گا۔
اس ایونٹ کے کامیاب انعقاد نے نہ صرف والی بال کے کھیل کو فروغ دیا بلکہ آزاد کشمیر میں کھیلوں کے شعبے میں مزید ترقی کے امکانات بھی بڑھا دیے ہیں۔