وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ ریاست کےخلاف الجہاد الجہاد کے نعرے لگا کر پی ٹی آئی نے ثابت کیا یہ ٹی ٹی پی کا سیاسی ونگ ہے۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ ٹی ٹی پی کے سیاسی ونگ نے”جہادی اسکواڈ“ بھی قائم کردیا ہے، فتنہ پارٹی نے جہادی اسکواڈ کو مسلح کیا ہے، یہ جہادی اسکواڈ اسلحے، شیلنگ، غلیلیں، کانچ اور ربڑ کی گولیوں سے لیس ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کا ماسٹر مائنڈ فیڈریشن کے خلاف ایک صوبے کے وزیراعلیٰ کو مسلسل مہرے کی طرح استعمال کررہا ہے، فتنہ پارٹی کے 90 فیصد لوگ 24 نومبر کے احتجاج کے مخالف ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ بشریٰ بی بی کے آمرانہ اور تحقیر آمیز رویے سے انکے ارکان اسمبلی میں پھوٹ پڑ چکی ہے، علیمہ خان اور شیر افضل مروت نے بھی بشریٰ بی بی کی پارٹی پر قبضے کی کھل کر مخالفت کی ہے، انکے پنجاب کے ارکان اسمبلی کافی سمجھدار ہیں، انہوں نے بشریٰ کی لیڈرشپ کو تسلیم کرنے سے انکار کردیا ہے۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ اڈیالہ جیل کا قیدی کے پی کے نوجوان کو فیڈریشن کے خلاف مسلسل اکسا رہا ہے، جن بچوں کے ہاتھ میں لیب ٹاپ ہونے چاہئیں انکو غلیلیں اور مسلح کیا جارہا، ریاست کو کمزور مت سمجھیں، ہمیں جتھوں اور بلوائیوں کا علاج کرنا آتا ہے۔