متعلقہ

کسی بھی شہری کو ویزا دینے کا معاملہ خودمختار ملک کا حق ہے، ترجمان دفتر خارجہ – پاک لائیو ٹی وی



کسی بھی شہری کو ویزا دینے کا معاملہ خودمختار ملک کا حق ہے، ترجمان دفتر خارجہ

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ کسی بھی شہری کو ویزا دینے کا معاملہ خودمختارملک کا حق ہے، پاکستانی شہریوں کے لیے متحدہ عرب امارات کے ویزے پرپابندی کا تاثر درست نہیں۔ 

ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ واربریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے کئی اعلی سطح کے بین الاقوامی وفود کی میزبانی کی، اسپین کے اعلی سطح کے پارلیمانی وفد نے پاکستان کا دورہ کیا۔ ہسپانوی وفد نے پاکستانی حکام کے ساتھ ملاقاتیں کیں، برطانوی نائب وزیرہامیش فالکنر نے بھی پاکستان کا دورہ کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اوربرطانیہ نے پارلیمانی روابط کو فروغ دینے سمیت دوطرفہ امور پر تعاون کو فروغ دینے پراتفاق کیا۔  پاکستان اوربوسنیا ہرزیگووینا کے درمیان سیاسی مشاورت کا دوسرا دوربھی اسلام آباد میں ہوا۔ پاکستان اورقازقستان کے درمیان بھی سیاسی مشاورت کا تیسرا دورا اسلام آباد میں ہوا۔ پاکستان اور قازقستان کا دو طرفہ روابط کو فروغ دینے پراتفاق ہوا۔ پاکستان اوریورپی یونین کے درمیان بھی آج اسلام آباد میں ڈائیلاگ ہو رہا ہے۔

ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ پاکستان اسرائیل مظالم کے حوالے سے اقوام متحدہ کی رپورٹ کا خیر مقدم کرتا ہے، غزہ میں جنگ بندی کے حوالے سے اقوام متحدہ میں گذشتہ رات ووٹنگ کا فیصلہ قابل افسوس ہے۔ پاکستان غزہ میں فوری اورغیرمشروط جنگ بندی کا مطالبہ کرتا ہے۔ بین الاقوامی برادری کشمیری بچوں کے حقوق کے لئے آواز بلند کرے۔

میڈیا کو بریفنگ میں انھوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر بیلاروس کے صدر25 سے 27 نومبر تک پاکستان کا دورہ کریں گے،  بیلا روس کے صدرکے دورے میں دونوں ممالک کے درمیان مختلف ایم او یوزپردستخط ہوں گے، پاکستان کو افغان سرزمین پر دہشتگرد گروہوں کی سرگرمیوں پر تشویش ہے، افغانستان میں دہشتگرد گروہوں کو ملنے والی حمایت بھی پاکستان کے لئے باعث تشویش ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کی صورتحال پربرطانوی رکن پارلیمنٹ اور وزیرخارجہ کے درمیان خط ایک اندرونی معاملہ ہے، پاکستان سے خط کے بارے میں سرکاری طورپرکوئی رابطہ نہیں کیا گیا، افغانستان کے لئے خصوصی نمائندے کی تقرری کی تجویز زیرغور نہیں، افغانستان کے حوالے سے چین اور روس کے خصوصی ایلچیوں نے حال ہی میں پاکستان کا دورہ کیا، روسی اورچینی ایلچیوں کے دورے میں افغانستان میں دہشتگرد گروپس کے محفوظ ٹھکانوں پر اظہار تشویش کیا۔

انھوں نے کہا کہ کمبوڈیا اورمیانمارمیں پاکستانیوں کے ساتھ ناگہانی واقعات پرعلاقائی تعاون ضروری ہے، بیرون ملک پرکشش ملازمت کی پیشکش پرتمام پاکستانیوں سے گزارش ہے کہ مکمل تصدیق لازمی کر لیا کریں۔ سلامتی، دہشت گردی اورباہمی تشویش کے امور پر پاکستان امریکہ سے رابطے میں ہے، دہشت گردوں کے پاس موجود جدید ہتھیاروں کے حوالے سے بھی امریکہ اور پاکستان کے رابطے ہیں۔

ممتاززہرا بلوچ نے کہا کہ امریکہ اورپاکستان کے درمیان انسداد دہشت گردی اورسلامتی کے حوالے سے رابطے ایک جاری عمل کا حصہ ہیں، پاکستان غیرملکی شہریوں کے حوالے سے اپنے قوانین پرعملدرآمد کو یقینی بنائے گا،  پاکستان یقینی بنائے گا کہ اس کی سرزمین پرتمام غیرملکی قانونی دستاویزات کے ساتھ ہوں،  پاکستان آصف مرچنٹ کے حوالے سے امریکہ سے تفصیلات کا منتظرہے۔

ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ پاکستان اورچین کے درمیان چینی شہریوں کی سلامتی یقینی بنانے کے لئے بات چیت جاری ہے،  کسی بھی شہری کو ویزا دینے کا معاملہ خودمختارملک کا حق ہے، پاکستانی شہریوں کے لیے متحدہ عرب امارات کے ویزے پر پابندی کا تاثر درست نہیں، پاکستان اور چین کے درمیان چینی شہریوں کی سلامتی یقینی بنانے کے لئے بات چیت جاری ہے۔