انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) سے چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان نہ جانے کی تحریری وجوہات مانگ لیں۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئی سی سی سے بھارتی خط کی تحریری کاپی مانگی تھی جبکہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کو پاکستان نہ جانے کے بارے میں صرف زبانی آگاہ کیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اب آئی سی سی نے بھارتی کرکٹ بورڈ کو تحریری وجوہات بیان کرنے کا کہا ہے۔ پاکستان تحریری وجوہات ملنے پر ان کے حق میں ٹھوس شواہد مانگ سکتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قوانین کے مطابق بھارتی بورڈ کو پاکستان نہ جانے کی ٹھوس وجوہات دینا ہوں گی۔ آئی سی سی کو وجوہات کا جائزہ لے کر بھارت کے بارے میں حتمی فیصلہ کرنا ہو گا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان نہ جانے کی وجوہات جائز نہ ہوئیں تو بھارتی ٹیم کو آنے کا کہا جائے گا۔ بھارت نہ مانا تو چیمپئنز ٹرافی میں رینکنگ کی بنیاد پر نویں ٹیم کو شامل کیا جا سکتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی ٹیم کے شریک نہ ہونے سے آئی سی سی کو 50 کروڑ ڈالرز کا نقصان ہوگا۔
آئی سی سی نے ٹرافی کے نشریاتی حقوق، اشتہارات اور اسپانسرشپ سے کمائی کرنی ہے، پاک بھارت میچز نہ ہونے سے بھارتی بورڈ کے نقصان کا تخمینہ 10 کروڑ ڈالرز ہے۔