اسلام آباد: ایف بی آر نے تمام ٹیکسوں کی ادائیگیوں کا نیا مربوط سسٹم (ای پیمپنٹ 2.0) متعارف کرادیا۔
ایف بی آر کے مطابق اس سسٹم کے تحت ود ہولڈنگ ٹیکس، انکم ٹیکس، سیلز ٹیکس اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی ادائیگی یکجا کردی گئی ہے، ٹیکسوں کی ادائیگی کا نیا سسٹم IRIS 2.0 پورٹل کے اندر دستیاب ہے۔
ایف بی آر کا کہنا ہے کہ حکومت پاکستان کے وژن کے تحت پاکستان کے ٹیکس کے نظام کو جدید بنانے کی راہ میں یہ ایک اہم پیش رفت ہے جب کہ نئے سسٹم سے صارفین کو انٹرنیٹ بینکنگ، اے ٹی ایم اور موبائل بینکنگ کے ذریعے آسان آن لائن ادائیگی کی سہولت میئسر ہوگی۔
ایف بی آر نے بتایا کہ ٹیکس دہندگان کو ای پیمپنٹ 2.0 کے ذریعے ایف بی آر نے ایک جامع اور بہتر یوزر فرینڈلی انٹرفیس فراہم کیا ہے۔
ایف بی آر نے کہا کہ ادائیگی مکمل ہونے پر تصدیق شدہ کمپیوٹرائزڈ پیمنٹ رسید (CPR) ای میل اور ایس ایم ایس کے ذریعے جاری کی جائے گی۔
ایف بی آر کا کہنا تھا کہ یہ انقلابی جدت ڈیجیٹل ٹیکس ایڈمنسٹریشن میں ایف بی آر کی لیڈر شپ کی آئینہ دار ہے، ایک ہی مربوط انٹرفیس فراہم کرنے سے متعدد لاگ اِنز اور پلیٹ فارم تبدیل کرنے کی ضرورت ختم ہوگئی ہے۔
ایف بی آر کا مزید کہنا تھا کہ ایف بی آر زیادہ مؤثر، ڈیجیٹلی ترقی یافتہ پاکستان کے قیام کے ذریعے ٹیکس دہندگان کو سہولیات فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔