آئی سی سی کی تازہ ترین ون ڈے رینکنگ میں قومی فاسٹ بولر شاہین آفریدی ایک مرتبہ پھر پہلی پوزیشن پر براجمان ہوگئے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے ون ڈے کی تازہ ترین رینکنگ جاری کی گئی ہے، ون ڈے بولر رینکنگ میں شاہین آفریدی نے ایک مرتبہ پھر پہلی پوزین حاصل کرلی ہے۔
شاہین آفریدی نے آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں 12.62 کی اوسط سے 8 وکٹیں حاصل کیں تھیں جس کے باعث ون ڈے رینکنگ میں انہوں نے بڑی چھلانگ لگائی ہے۔
قومی فاسٹ بولر جنوبی افریقہ کے اسپنر کیشو مہراج کو نیچے دھکیل کر پہلے نمبر پر آگئے ہیں جب کہ جنوبی افریقی بولر اب تیسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں، دوسرے نمبر پر افغان اسپنر راشد خان موجود ہیں۔
قومی فاسٹ بولر حارث رؤف نے بھی آسٹریلیا کے خلاف بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آئی سی سی رینکنگ میں بڑی چھلانگ لگائی ہے، وہ 14 درجے ترقی کے بعد 13 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔
واضح رہے کہ شاہین آفریدی اس سے قبل بھی ون ڈے ورلڈکپ کے دوران آئی سی سی کی بولرز رینکنگ میں پہلے نمبر پر موجود رہ چکے ہیں۔