نظریہ ضرورت کے تحت راستہ نکالا جاتا ہے، گورنر سندھ – پاک لائیو ٹی وی


گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کا کہنا ہے کہ نظریہ ضرورت کے تحت راستہ نکالا جاتا ہے، میں نے اور میری ٹیم نے نظریہ خدمت پیش کیا ہے۔

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے ’روزگار سہولت پروگرام‘ کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے لوگوں کی خدمت کرنی ہے اور نوجوانوں کو حوصلہ دینا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس ملک میں ہم سب ایک ہیں، اس ملک کی عزت و وقار میں اضافہ ہم سب کی ذمہ داری ہے، ہماری کوتاہیوں کی وجہ سے ہمیں آج روزگار اسکیمیں لانا پڑ رہی ہیں۔

جو کام ریاست یا حکومت کا ہے وہ ہم فرداً فرداً کر رہے ہیں، روزگار دلانے کی انفرادی کوششیں مسئلے کا مستقل حل نہیں ہے، مستقل حل یکساں اور معیاری تعلیم رائج کرنا ہے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ نوجوانوں کو صحیح سمت اور راستہ دکھانا ہماری ذمہ داری ہے۔

ہر فائل میں اربوں روپے کی کرپشن کی داستانیں چھپی ہیں اور شہر کا نوجوان قسطوں پر موٹر سائیکل کے لیے ترس رہا ہے۔

نوجوانوں کے ہاتھ میں ڈگریاں ہیں اور وہ روزگار کے لیے ترس رہے ہیں، جو ملک ہمارے آباؤ اجداد نے حاصل کیا ہمیں وہاں عزت و وقار کے ساتھ تعلیم اور روزگار چاہیے۔

ہم سب کو مل کر سبھی کی رائے کا احترام کرنا ہے اور وسائل کو لوگوں تک پہنچانا ہے، ہمیں اپنی قدر و منزلت کا احساس کرنا ہوگا، جو کچھ حکومتوں کے پاس ہے وہ عوام کا قرض ہے۔

ہمیں بتایا جاتا ہے کہ ملک مشکل حالات میں ہے، لیکن مشکلات پیدا کس نے کی؟ نا امیدی کفر ہے، بڑی سوچ پیدا کریں اور حاصل کرنے کے لیے کوشش کریں۔

جن کو آج ہم ڈیجیٹل کورس کروا رہے ہیں وہ کل نوکریاں دینے والے بنیں گے۔

سندھ کے گورنر کامران خان ٹیسوری نے مزید کہا کہ مرکزی مسلم لیگ کے جذبہ خدمت کو دیکھتے ہوئے ان کے ساتھ چلنے کو تیار ہوں۔

Exit mobile version